لاہور۔6نومبر (اے پی پی):بابا گورو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کے ہمراہ گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے شہر اور گورودوارہ کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر جا کر ہدایات جاری کین۔ ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر را اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے ڈی سی آفس کنٹرول روم میں انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ بابا گوروو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری 13تا 16نومبر ننکانہ صاحب میں ہونگے جس کے بعد یاتری فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے 60ہزار سے زائد سکھ یاتری جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع کیلئے ایسے انتظامات کئے ہیں کہ یاتری واپسی پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائیں گے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی پہچان ہے اور اس بار بھی اپنے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ننکانہ صاحب کیلئے 20 سال کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کیلئے بہترین رہائش و دیگر انتظامات کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گورودوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اور پی سی او بوتھ بنائے جائیں تاکہ یاتریوں کو سہولت مل سکے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی یاتریوں کے کھانے اور لنگر کے معیار کی چیکنگ یقینی بنائے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر را، ڈی پی او سید ندیم عباس اور سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجودتھے۔