صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی بورڈ آف ریونیو نمائندوں سے ملاقات،اقلیتوں کیلئے اراضی کے حقوق کے تحفظ بارے تبادلہ خیال کیا

143

لاہور۔29نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بورڈ آف ریونیو کے نمائندوں سے ایک اہم ملاقات کی،جس میں پنجاب میں اقلیتوں کیلئے اراضی کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ترجمان کے مطابق ملاقات کا مقصد وزارت اور محکمے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا تاکہ اقلیتوں کو اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی اور اراضی کی ملکیت کے حوالے سے ان کی رہنمائی کی جا سکے۔ملاقات میں سابق صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین، ممبران صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ایمانوئیل اطہر، بابا فیلبوس کرسٹوفر، شکیلہ آرتھر، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا عاشر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران بورڈ آف ریونیو نمائندگان نے صوبائی وزیر کو پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

ترجمان کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں اقلیتوں کے لیے اراضی کے حقوق کے تحفظ کی کوششیں کی جا رہی ہیں ،حالیہ دنوں میں حافظ آباد و لودھراں میں سروے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید سروے کیے جائیں گے تاکہ اقلیتوں کو اراضی کے حقوق کے حوالے سے مکمل دستاویزات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایک نیا لینڈ ٹرانسفر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اقلیتوں کے اراضی کے حقوق کا تحفظ اور نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتوں کے اراضی کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور ایک جامع پانچ سالہ سٹریٹجک پلان تشکیل دینے جا رہا ہے

جس کا مقصد اقلیتوں کے اراضی کے حقوق کو محفوظ بنانا اور اس کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو حل کرنا ہے۔ صوبائی وزیر نے عوامی آگاہی کے پروگرامز اور معلوماتی مہمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو اپنے حقوق اور اراضی کی رجسٹریشن کے عمل سے آگاہ کیا جا ئے ۔انہوں نے نمائندگان کو تاکید کی کہ وہ اس کام میں تیزی لائیں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مزید بہتر تعاون کریں تاکہ اقلیتوں کو ان کے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی مل سکے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے نمائندگان کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان اقدامات کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی،جس سے اقلیتوں کو معاشی استحکام اور تحفظ حاصل ہو۔

اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی، ڈپٹی سیکرٹری اقلیتی امور عائشہ یاسین ،مسز تجور (جینڈر سپیشلسٹ) پلس بور، ملک وسیم سوان (سوشل سیف گارڈ سپیشلسٹ) پلس بور اور منیب سہیل (سی ای مینجر) پلس بور بھی موجود تھے۔