شیخوپورہ۔ 16 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی سمیت دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے صوبائی وزیر نے سکھ قوم کو بابا گرونانک کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے سکھ یاتریوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سکھ یاتریوں سے سہولیات بارے دریافت کیا
۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کی جانب سے بہترین اور فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بابا گورونانک کے جنم دن پر مثالی انتظامات کئے گئے ہیں، حکومت پنجاب نے سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، خوراک، صحت سمیت سیکیورٹی کے فول پروف انتطامات کئے ہیں ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بابا گورونانک کا پیغام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کر رہے ہیں ۔صوبائی وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں یہاں پر مکمل محفوظ اور آزاد ہیں، باباگورونانک کا پیغام امن و محبت،صلح و آشتی اور نیکی کا پیغام ہے جسے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھوں سمیت دنیا بھر کے مذاہب اور عقائد کے پیروکاروں کے لیے محبت اور احترام کے جذبات رکھتا ہے۔