صوبائی وزیر اقلیتی امور کا نوشہرہ ورکاں کا دورہ، قدیمی گورودوارے کی بحالی کے کام کا آغاز کروادیا

119
Ramesh Singh Arora

لاہور۔28اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بدھ کے روز ایڈیشنل سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ سیف اللہ کھوکھر کے ہمراہ تحصیل بھائی مٹوں نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا اور علاقے میں واقع قدیمی گوردوارے کی بحالی کے کام کا باضابطہ آغاز کروا دیا۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کی بھرپور کوشش ہے کہ ملک بھر کے تمام قدیمی گورودواروں کو دوبارہ سکھ برادری کیلئے کھولا جائے اور ان پر ناجائز قبضہ ختم کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گورودوارے سکھوں کی تاریخ اور وراثت کا اہم حصہ ہیں اور ان کی بحالی سے سکھ کمیونٹی کو اپنے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اہل علاقہ کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کی حمایت اور تعاون کے بغیر یہ منصوبہ ممکن نہیں ہو سکتا ۔