کوئٹہ۔ 16 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے قلعہ سیف اللہ سول ہسپتال،لورالائی میڈیکل کالج اور لورالائی ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے طویل عرصے سے غیرحاضر ڈاکٹروں کو نوکری سے فارغ اور دیگر غیرحاضر عملے کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت جب قلعہ سیف اللہ میں ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹرز سمیت پورا عملہ غائب تھا،انہوں نے فورا ایکشن لیتے ہوئے طویل عرصے سے ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں کو نوکری سے فارغ جبکہ ہسپتال کے دیگر غیر حاضر عملے کو موقع پر ہی معطل کردیا ،انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کامعائنہ بھی کیا اور ساتھ میں ایم ایس کوبھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر ہسپتال کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
اسی طرح صوبائی وزیر نے لورالائی میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا تو طلبا نے انہیں اپنے مسائل بارے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر صحت نے طلبا کومسائل حل کرنے کی مکمل یقین دہائی کرائی اور کہا کہ طلباء کو سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری اور اولین تر جیحات میں شامل ہے ،صوبائی وزیر صحت نے لورالائی ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا ۔ اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ فرزند ایم پی اے افضل خان اوتمانخیل۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی ایم ایس سید یاسر شاہ ودیگر آفیسران شامل تھے، دورہ پر ایم ایس سید یاسر شاہ نے وزیر صحت کو ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی اور ہسپتال کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا ۔
صوبائی وزیر صحت نے لورالائی ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبوں جن میں شعبہ امراض قلب،میڈیکل یونٹ سی سی یو کارڈیک سرجری،میڈیکل أئی سی یو اور لیبارٹری کامعا ئنہ کیا۔