پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے امانکوٹ مینگورہ کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کرامت اللہ کے گھر پہنچ کر ان کے مسائل و مشکلات دریافت کئے۔ کرامت اللہ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کا گھر حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے باعث پورا خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ اس موقع پر فضل حکیم خان نے کرامت اللہ اور دیگر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کے پی کے حکومت عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی
اس مشکل گھڑی میں ہم سب سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت و تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ عوام کی فوری امداد اور ان کی مکمل بحالی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ٹی ایم اے، ڈبلیو ایس ایس سی سوات اور دیگرصوبائی و ضلعی ادارے مشترکہ طور پر ریلیف و بحالی کے عمل کو تیز رفتاری سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور صوبائی حکومت عملی اقدامات کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف اور مدد فراہم کررہی ہے۔