پشاور۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری نیک محمد خان نے محکمہ ریلیف کے وفد کے ہمراہ ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد آیاز خان نے وفد کا استقبال کیا۔اس موقع پر مہمان گرامی کو سلامی پیش کی گئی۔وفد نے ریسکیو 1122 کے آپریشنل آلات کا معائنہ کیا اور ایمرجنسیز میں استعمال ہونے والے مختلف آلات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے ایمرجنسیز میں خدمات و سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے آپریشنل آلات بالخصوص ایمبولینس سروسز میں روزانہ کی بنیاد پر مریضوں و زخمیوں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا چکا ہے،پشاور میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز کیا گیا جو کامیابی سے جاری ہے۔
ڈاکٹر محمد آیاز خان نے وزیر برائے ریلیف سے درخواست کی کہ ریسکیو 1122 کی بروقت و بہترین خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے 1122 اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد 50 سال سے بڑھا کر 60 سال کی جائے اور اہلکاروں کےلیے رسک الائونس، فکسڈ ڈیلی الائونس لگانے کے احکامات جاری کئے جائیں جبکہ ادارے اور ریسکیو 1122 اہلکاروں کی فلاح وبہبود کےلیے 50 کروڑ کے انڈوومنٹ فنڈ فراہمی پر بھی تاحال کام مکمل نہ کیا جاسکا۔
اس موقع پر وزیر ریلیف نیک محمد خا ن نے کہا کہ ریسکیو1122 صوبے بھر میں کسی بھی ایمرجنسی کے دوران بروقت خدمات فراہم کررہا ہے جس کی مثال دیکھنے کو نہیں ملتی،ریسکیو1122 موجودہ وسائل میں جس جانفشانی سے کام کررہا ہے اس پر ان اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ریسکیو1122 انتظامیہ کی جانب سے پیش کی جانے والی گزارشات کو اعلیٰ سطح پر پیش کیا جائیگا جبکہ ریسکیو سروسز کو مزید فعال کرنے اور جدید ترین آلات سے لیس کرنے کےلیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔
ریسکیو1122 اور عوام الناس میں باہمی روابط کو بڑھانے اور ان کو کسی بھی ایمرجنسی کے دوران موقع پر اپنے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کو بچانے اور فرسٹ ایڈ دینے کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ ساتھ علاقہ عمائدین کے ساتھ مل کر طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو1122 اور عوام الناس مل کر خدمات یقینی بنائیں۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے وزیر ریلیف نیک محمد وزیر کو ریسکیو 1122 کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔