22.8 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومعلاقائی خبریںصوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کا سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں کا...

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کا سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں کا دورہ

- Advertisement -

سیالکوٹ۔ 27 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت شہر کے سب سے نشیبی علاقے رنگ پورہ میں موجود ہیں اور سیالکوٹ کی تاریخ میں کبھی اتنی زیادہ بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک دن میں 405 ملی میٹر اور اس کے بعد رات کے وقت مزید 110 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے نتیجے میں ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف حکومت کی پہلی ترجیح ہے، جہاں بھی سیلاب آیا ہے یا خطرہ ہے، وہاں سے شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے نقصانات کا بھی مداوا حکومت کرے گی کیونکہ پنجاب میں جہاں بھی عوام پر کوئی مصیبت آئی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں۔ وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ میں قدرتی آفت کے اس موقع پر حکومتی اقدامات میں کوئی کمی نظر نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم دن رات، چوبیس گھنٹے شہریوں کی سہولت کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب اور ریلیف کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جب تک نالہ ایک میں پانی کے بہاؤ کا نظام معمول پر نہیں آتا، نشیبی علاقوں میں پانی موجود رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور میونسپل کارپوریشن کی ریلیف ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں اور شہریوں کو پانی سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل کام کر رہے ہیں اور وہ ذاتی طور پر ریلیف اقدامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں