صوبائی وزیر تعلیم سے کشمیر سنٹر جموں کشمیر لبریشن سیل کے وفد کی ملاقات، کشمیر ڈے کی سرگرمیوں کے انعقاد پر اظہار تشکر

61
Rana Sikandar Hayat

لاہور۔17فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے کشمیر سنٹر لاہور جموں کشمیر لبریشن سیل کے وفد نے ملاقات کی۔

انچارج کشمیر سنٹر انعام الحسن کاشمیری کی قیادت میں کشمیر سنٹر کے وفد نے پنجاب کے سکولوں میں کشمیر ڈے کی سرگرمیوں کے انعقاد پر وزیر تعلیم سے اظہار تشکر کیا اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے صوبے میں مجوزہ پروگرامات پر گفتگو کے ساتھ ساتھ پنجاب میں تعلیمی اصلاحات پر وزیر تعلیم کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

وفد کے سربراہ انعام الحسن کاشمیری نے کہا کہ سرکاری سطح پر کشمیر ڈے کے انعقاد سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات پر تعلیمی اداروں میں کشمیر ڈے کی مناسبت سے سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

کشمیریوں کی سفارتی و سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں میں کشمیر کے حوالے سے لیکچر سیریز کے آغاز پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔انہوں نے جموں کشمیر لبریشن سیل کے وفد کو کشمیر کاز کیلئے ہر قسم کے حکومتی تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔