کوئٹہ۔ 07 فروری (اے پی پی):بلوچستان کی صوبائی وزیر برائے تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا ۔ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے صوبائی وزیر کااستقبال کیا ،راحیلہ حمید درانی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں بلخصوص نیفرولوجی شعبے کا معائنہ کیا اور سہولیات کاجائزہ لیا ۔ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے ہسپتال سے متعلق صوبائی وزیرکوبریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کی فعالیت کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں
گائنی کے شعبے میں بچوں کیلئے تین وارمر مشینیں اور ای سی جی مشینیں فعال کرنے کے علاوہ میڈیکل آئی سی یو میں 5وینٹی لیٹرز فعال کردئیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں ۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے ہسپتال میں طبی سہولیات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہسپتال کی بہتری کیلئے موثر آواز اٹھائے گی،سول ہسپتال غریب مریضوں کیلئے طبی امداد کا بہترین ادارہ ہے ۔