کوئٹہ۔ 25 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیرصدارت این ایف سی ایوارڈ اور بینک آف بلوچستان سے متعلق ایک اہم اجلاس محکمہ خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور کنسلٹنٹ فنانس نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں آنے والے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے حصے کو بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی
تاکہ صوبے کی پسماندگی پر قابو پانے کیلئے مالی ضروریات کو بہتر طریقے سے اس فورم میں پیش کرنے کے لیے مؤثر لائحہ عمل تیار کرسکیں۔ اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے بلوچستان بینک کے قیام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ دیگر صوبوں کے بینک قائم ہو چکے ہیں، بلوچستان میں بھی اس ضمن میں عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ صوبے کی محاصل بڑھانے، مالی خودکفالت اور معاشی ترقی کے لیے بینک کا قیام ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بلوچستان کے عوام کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مواقع میسر آئیں گے۔