صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی وزیر بلدیات ارشد ایوب سے ملاقات، مردان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم اے مردان کے امور پر تبادلہ خیال

89

پشاور۔ 21 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے وزیر بلدیات اور انتخابات و دیہی ترقی ارشد ایوب سے گزشتہ روز پشاور میں ملاقات کی، جس میں مردان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم اے مردان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر عنبر علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مردان کی ترقی، بلدیاتی مسائل اور شہری سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔

اس موقع پر ظاہر شاہ طورو نے مردان کے عوامی مسائل کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیر بلدیات ارشد ایوب نے مردان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم اے مردان کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے حکام کو انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہری ترقی اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔