کوئٹہ۔ 23 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے مستونگ میں لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ،ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر نہ صرف اپنی ذمہ داری نبھائی بلکہ انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کو یقینی بنایا، جو قابل تحسین اور قوم کے لیے فخر کا باعث ہے ۔
صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ بلوچستان کے شہداء کے لہو کا حساب لیا جائے گا، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ریاست کمزور نہیں ہے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ امن تباہ کرنے والوں پر زمین کا گھیرا تنگ کر دیں گے ،صوبائی حکومت انسداد پولیو مہم کو ہر قیمت پر کامیاب بنائے گی اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مداخلت برداشت نہیں کیا جائے گا آخر میں انہوں نے شہید اہلکاروں کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے صبرجمیل کے لئے دعا کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586726