پشاور۔ 21 فروری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر کا تفصیلی دورہ کیا۔ جہاں پر انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ سائیڈ انجینئر نے صوبائی وزیر میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوات میں صوبے کی دوسری اور پاکستان کے تیسری بڑی زرعی یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے جس سے اس خطے کے طلباء و طالبات زراعت کے علوم حاصل کریں گے اور زرعی شعبے میں تحقیق کے ذریعے زراعت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرینگے۔ زرعی یونیورسٹی زرعی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جس سے مقامی کسانوں کو جدید زراعت کے طریقوں سے آگاہ کرے گی۔ دورے کا مقصد یونیورسٹی کے تعمیراتی کام پر پیشرفت کا جائزہ لینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ منصوبہ بروقت پر مکمل ہو سکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سجاد بارکوال نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف علاقے کی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔
دورے کے دوران محکمہ زراعت کے ذیلی اداروں کے ضلعی آفسران بھی صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت میجر (ریٹائرڈ) سجاد بارکوال نے زرعی تحقیقی ادارہ مینگورہ سوات کا دورہ کیا جہاں پر صوبائی وزیر کو ادارے کی تحقیق و ترقی کے منصوبوں اور نمایاں کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر زراعت نے معیاری تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہترین زرعی اقسام کو فروغ دینے اور جدید پیداواری ٹیکنالوجیزکے استعمال پر توجہ دی جائے تاکہ کاشتکار برادری کی بہتری میں مدد کی جا سکے۔ انہوں نے عملے کو تلقین کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانت داری، محنت اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کریں۔ محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔ علاوہ ازیں واٹر مینجمنٹ سوات کے دفتر میں ایگریکلچر انجینئرنگ، واٹر مینجمنٹ، سائل کنزرویشن کے امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر سجاد بارکوال نے ان اداروں کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جان محمد ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع بھی موجود تھے۔