کوئٹہ۔ 08 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے یارو کلی عطاء اللہ ٹھیکیدار میں بنیادی مرکز صحت کاافتتاح کردیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت ثاقب کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے ۔
وزیر صحت نے بنیادی مرکز صحت کی عمارت اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ بخت محمد کاکڑ نے قبائلی عمائدین سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کی عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔
محکمہ صحت کے ماتحت ٹیچنگ ہسپتال ،تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہسپتال،سول ہسپتال ،پی پی ایچ آئی کے تحت چلنے والے بنیادی مراکز صحت میں نہ صرف عوام کو صحت کی بنیادی ضروریات میسر ہیں بلکہ ان کے علاج ومعالجے کی سہولت کے ساتھ میڈیکل کالجز ونرسز کالجز کے ذریعے افرادی قوت کی کمی کو بھی پورا کیاجارہاہے ،پی پی ایچ آئی کے تحت بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔