صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال لاہورمیں چلڈرنز ڈائبٹیز ہیلپ لائن کا افتتاح کر دیا

66

لاہور۔15فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں چلڈرنز ہسپتال ڈائبٹیز ہیلپ لائن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سینڈیکیٹ ممبر پروفیسر ساجد مقبول، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ٹیپو سلطان، فرینڈز آف چلڈرن سے نووین، فیکلٹی ممبران و عملہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔خواجہ سلمان رفیق نے ذیابیطس کا شکار معصوم بچوں سے ملاقات بھی کی اور کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

وائس چانسلر پروفیسر مسعود صادق نے خواجہ سلمان رفیق کو ہیلپ لائن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں ڈائبٹیز ہیلپ لائن کے اہتمام پر فرینڈز آف چلڈرن کے شکر گزار ہیں۔ ہیلپ لائن کے ذریعے ذیابیطس کا شکار معصوم بچوں کے والدین علاج و معالجہ بارے معلومات حاصل کر سکیں گے۔ معصوم بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے جدید طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔