لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال (این سی آر سی ) کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پولیو، امیونائزیشن، بچوں کی صحت ، غذائی قلت اور بریسٹ فیڈنگ کے امور زیر بحث آئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آئندہ ماہ اکتوبر کے تیسرے ہفتہ میں پنجاب میں موثر پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔پنجاب میں دوکروڑ33 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب ہیلتھ انڈیکیٹرز میں دوسرے صوبوں سے آگے ہے،
یونین کونسل سطح پر پولیو مہم کا تجزیہ کرکے گیپ دور کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جب تک کوئی صوبہ، ضلع یا علاقہ پولیو سے محفوظ نہیں ہوگا،ملک پولیو سے پاک نہیں ہو سکتا۔انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کی مائیکرو پلاننگ کی تفصیل تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو فراہم کردی گئی ہے، پولیو مہم کی سرپرستی کے لئے منتخب نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ویکسینیٹرز کے ٹرانسپورٹیشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں
۔انہوں نے کہا کہ14 سے 18 سال تک کے بچے بچیوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے، انکے حل کے لئے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام پرائمری سکولوں اور مدارس کے بچوں کی سکریننگ کے لئے قابل عمل منصوبہ جلد سامنے لائیں گے۔نیشنل کمیشن برائے چائلڈ رائٹس کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق، ممبر مہک نعیم اور خالد نعیم وفد میں شامل تھے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خضر افضال اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان بھی موجود تھے۔