صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدسے عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے وفدکی ملاقات

71
وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نےاساتذہ کےلئے پہلے ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

لاہور۔2مارچ (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدسے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے وفد نے ملاقات کی۔صوبائی وزیراوروفدکے اراکین کے درمیان خاندانی منصوبہ بندی،ماں اور بچہ کی صحت اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز بارے تبادلہ خیال ہوا۔

صوبائی وزیرنے ملاقات کے دوران عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے وفدکو پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق محکمہ صحت پنجاب عوام کوصحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہاہے،ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈہسپتال بنائے جارہے ہیں،حال ہی میں سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی زیرصدارت خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقدکیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکواہم کرداراداکرناہوگا،محکمہ صحت پنجاب کے پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکی شکل میں بڑا ہیومن ریسورس موجودہے،وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈز تقسیم کرنے کا اعلان کیاہے۔

صوبائی وزیرنے مزیدکہاکہ دسمبر2021تک پنجاب کے تمام 2کروڑ93لاکھ خاندانوں میں صحت سہولت کارڈزتقسیم کردئیے جائیں گے،صحت سہولت کارڈز کے حامل خاندان 7لاکھ 20ہزار روپے تک کے مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارصحت سہولت کارڈز کے ذریعے پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بار عوام کو صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈکیاجارہاہے،صحت سہولت کارڈز کے حامل خاندانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ سرکاری ونجی ہسپتالوں کو اِم پینل کیاجارہاہے،حکومت پنجاب نے صحت سہولت کارڈزکے ذریعے نجی ہسپتالوں میں 30ہزاربستروں کا اضافہ کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے ہرخاندان کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں،پنجاب کے اضلاع اٹک،میانوالی،مظفرگڑھ،سیالکوٹ اورراجن پورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈہسپتال بنائے جارہے ہیں،پنجاب کے تمام 44نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجزکی سطح پر اپ گریڈ کردیاگیاہے اور مِڈوائفری سکولوں کو بھی اپ گریڈ کیاجارہاہے،پنجاب میں لیڈی ہیلتھ ورکرزپروگرام کومزیداپ گریڈ کیاجارہا ہے اور صوبہ بھرمیں 32ہزارڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کو بھرتی کرکے صحت کے نظام کومزید بہترکرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے خاندانی منصوبہ بندی کیلئے جامع حکمت عملی بنانے پر زوردیاہے،کوروناوائرس نے پوری دنیاکی معیشت کو ہلاکررکھ دیا،اللہ پاک کے کرم سے کوروناوائرس نے پاکستان کو باقی ممالک کی نسبت بہت کم نقصان پہنچایاہے۔ وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پاکستان نے ساری دنیاکی طرح کوروناوائرس کیلئے بھی تاریخی بجٹ جاری کیا،محکمہ صحت کی محنتوں کے باعث پنجاب میں کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل ہورہی ہے،پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کو کامیاب بنانے کیلئے عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے حوالہ سے ورکنگ پیپر بنایا جائے گا۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر)محمد عثمان یونس نے کہاکہ صوبہ بھرمیں فلٹرکلینکس کے ماڈل کوکامیاب بنایاجارہاہے،خاندانی منصوبہ بندی کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرزکا کردارانتہائی اہم ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹرنبیل اعوان نے کہاکہ پنجاب کے ٹرشری کئیرہسپتالوں کے ذریعے ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفد عالمی ادارہ صحت نے پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر)محمد عثمان یونس،سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹرنبیل اعوان،سیکرٹری محکمہ پاپولیشن ویلفیئر علی بہادرقاضی،سی ایف او یونیسف پنجاب ولبریڈ،یونیسف سے ڈومیم، ڈاکٹراختررشید،ڈاکٹریحییٰ گلزار، ڈاکٹرذوالفقارعلی،ڈاکٹرفیصل مسعود،کنزالایمان،ڈاکٹرغلام نبی قاضی،ڈاکٹرخالدمحمود،ڈاکٹرفرازخالد،ڈاکٹرنوید ودیگرافسران نے شرکت کی۔