لاہور۔27مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت نے ایمرجنسی، وزیر اعلی کمپلینٹ کاو نٹر، نیورولوجی، پرچی کاو نٹرز، میڈیسن سٹور، پلمونولوجی، کارڈیک و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد اور ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز ڈاکٹر عمر اسحاق بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے ایم ایس جنرل ہسپتال کو صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دورے کرکے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایم ایس حضرات مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ ہسپتالوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کئے جا رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں اور ڈیوٹی روسٹرز آویزاں کئے جائیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ مریضوں کے علاج و معالجہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہسپتالوں کے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ ہسپتالوں کا دورہ کرکے مریضوں سے طبی سہولیات بارے براہِ راست فیڈ بیک لیا جا رہا ہے۔مریضوں کی شکایات پر موقع پر ہی ایم ایس صاحبان کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576678