لاہور۔17فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مری میں سیدمحمد حسین ٹی بی ہسپتال سیناٹوریم ساملی کا دورہ کیا،اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر قیصر عباسی اور سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیم موجودتھی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ٹی بی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات،آپریشن تھیٹرزو وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ایم ایس ہسپتال نے خواجہ سلمان رفیق کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اسی مقام پر واقع ریسکیو 1122کے ضلعی دفترکابھی دورہ کیا۔ریسکیو آفیسرزنے امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ دوردرازکے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیاجارہاہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرقیادت حکومت پنجاب عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
حکومت پنجاب عوام کو ان کے گھرکی دہلیزپر صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کسی بھی مریض کو سرکاری ہسپتالوں میں مشکلات کا سامنانہ کرناپڑے۔الحمدللہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کیلئے شروع کی جانے والی ایئر ایمبولینس سروس کامیابی سے جاری ہے۔عوام کی جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ریسکیو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہوراور سرگودھامیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جارہے ہیں۔
لاہورمیں ایشیا کا سب سے بڑااور پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلا سرکاری نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈریسرچ بنایاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرزچلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام،چیف منسٹرزڈائیلسزپروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹوفار ٹرانسپلانٹ حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامزہیں۔