لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و دیگر حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس موقع پر ڈی سی راولپنڈی و دیگر متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کیلئے حفاظتی اقدامات کوہنگامی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔ رواں برس پنجاب میں ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض راولپنڈی میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
گزشتہ برسوں کے تجربات سے استفادہ کیا جائے اور ڈینگی کے بڑھتے گراف کو کنٹرول کیا جائے۔ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کر کے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایف آئی آرز، عمارات سیل اور جرمانوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کیا جائے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ اجلاس میں پروفیسر وسیم اکرم کے علاوہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور سی ای او ہیلتھ راولپنڈی نے بھی شرکت کی۔