لاہور۔13جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کے وفد نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی،سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین ابراہیم منیر وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ نے ای وی سیکٹر، سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بھی کرسکتا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا پر کشش مقام بنادیا اور یہی وجہ ہے کہ چین و جاپان سمیت متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہیں، چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اور چین کے گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ای وی سیکٹر،سولر مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے اور پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے مافیا کا خاتمہ کردیا ہے،انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری پراپرٹی کا کاروبار بند کروادیا اور اب انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹوں پر صرف کارخانے ہی لگ رہے ہیں جس سے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی پالیسی لائی جارہی ہے اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے پلاٹوں کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی،فارماسیوٹیکل ویلی اور سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی بن رہا ہے۔ آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کے ڈائریکٹر قاسم کمال،مقامی صنعتکار امجد رشید،احسن رشید،رانا خالد اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔