فیصل آباد ۔ 06 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے یوم عاشورکے موقع پرکمشنرفیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرکے ہمراہ چوک گھنٹہ گھر کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی نے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی وانتظامات کے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ مرکزی جلوس کی سکیورٹی کو چار حصار میں ترتیب دیا گیا ہے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات مہیا کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی صورت حال اور داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اور آنے والے زائرین کی فزیکل چیکنگ کو یقینی بھی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹری پوائنٹ،امام بارگاہوں،جلوسوں کے روٹ کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے،ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ اور سٹی ایریا میں گشت پر مامور ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دیگر ریزرو فورسز پولیس لائن اور تھانہ ویمن میں الرٹ ہے۔اس موقع پر دیگر انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔