صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت آن لائن اجلاس، محرم الحرام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا

4

راولپنڈی۔ 26 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت آن لائن اجلاس سی اینڈ ڈبلیو کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں محرم و الحرام کے حوالے سے تیاریوں اور امن و امان کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی، ڈی سی چکوال، ڈی سی مری، ڈی سی اٹک، ڈی سی جہلم، ڈی سی اٹک، ڈی پی او چکوال، ڈی پی او مری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بارش کو مد نظر رکھتے ہوئے روٹ پر انتظامات کیے جائیں۔

راولپنڈی انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلوس روٹ پر پانی نکالنے کے آلات رکھے گئے ہیں اورسکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں،جلوس منتظمین کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مقامی امن کمیٹی کو مکمل فعال رکھیں اورمقررہ روٹس کی خلاف ورزی نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں موجود تمام چیک پوسٹ پر مانیٹرنگ سخت کی جائے اور جلوس کے روٹس پر مکمل سکریننگ کی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیک نیوز کے بروقت تدارک کے لیے ضلعی سطح پر فوکل پرسنز نامزد کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں محرم الحرام کے انتظامات کیے گئے ہیں۔