لاہور۔16جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مزدوروں کوروز مرہ اشیاء پر رعایتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں چیف منسٹر سوشل سکیورٹی کارڈ کے ذریعے مزدوروں کو روزمرہ اشیاء پر رعایت کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اس موقع پر بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے رعایت کے مختلف طریقہ کار پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر لیبر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت کے مطابق مزدوروں کو اشیاء ضروریہ پر رعایت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جس پر عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547322