صوبائی وزیر و چیرمین خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

5

ملتان۔ 24 جون (اے پی پی):ملتان میں صوبائی وزیر و چیرمین خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا۔ منگل کو وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ ، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سمیت ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان عامر کریم اور آر پی او کیپٹن سہیل چوہدری نے انتظامات بارے بریفننگ دی۔شرکاء کو بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں تمام 909 جلوس اور 3182 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے۔علاوہ ازیں 83 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 62 کی زباں بندی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔امن و امان کو کنٹرول کرنے کےلئے ملتان میں 170 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیس کی مدد کیلئے آرمی کی 4 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، اس حوالے سے موثر اقدامات کیے گئے ہیں ۔ خانیوال، لودھراں اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بھی بریفنگ میں موجود تھے۔