صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے امریکی قونصل جنرل لاہورکی وفد کے ہمراہ ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

207

لاہور۔12جون (اے پی پی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنزنے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں قائم مقام سیاسی اور اقتصادی امور کے سربراہ ڈوگلس جانسٹن اور ماہر معاشیات آمنہ انیس شامل تھیں۔

ملاقات میں دو طرفہ باہمی تعلقات پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹرانسپورٹ سسٹم لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبے میں عوام کو سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کیلئے 657ایکو فرینڈلی بسیں چلانے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پہلے مرحلے میں 27 الیکٹرک بسیں لاہور میں چلائیں گے۔ یہ ہمارا ایک پائلٹ پروجیکٹ کہا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کا ماس ٹرانزٹ سسٹم روزانہ دس لاکھ افراد کو سستی سفری سہولت فراہم کررہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ بیس لاکھ افراد تک اس سہولت کو جلد از جلد پہنچائیں۔ سٹوڈنٹس کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکی جانب سے موٹر بائیکس سکیم شروع کی گئی ہے۔

پہلے فیز میں 20ہزار بائیکس سٹوڈنٹس کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے ای بائیکس میں اپلائی کرنے والی تمام 8 ہزار سے زائد طالبات کو ای بائیک دینے کا اعلان کیا ہے۔ بائیکس سکیم میں طالبات کی بڑی تعداد نے دلچسپی دکھائی ہے جس سے بہت حوصلہ افزائی ہوئی۔ علاوہ ازیں بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ اوور لوڈنگ کا سدباب کرنے کیلئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کا نیا سسٹم متعارف کروایا ہے۔ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنزنے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت عوام کو فراہم کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔