صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کا سیالکوٹ کا دورہ

4

سیالکوٹ۔14جون (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو)سمبڑیال اور یونین کونسل ہرڑ میں قائم کلینک آن ویلز کیمپ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ "کلینک آن ویلز پروگرام” میں 37 اضلاع میں پہلے نمبر پر ہے مگر اس کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل محنت اور توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سیالکوٹ میں 2 لاکھ 59 ہزار 654 مریض اس موبائل ہیلتھ سروس سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "کلینک آن ویلز”کے تحت 39 ہزار 134 خواتین کا گائنی چیک اپ کیا گیا جبکہ 23 ہزار 325 الٹراساؤنڈ (یو ایس جی)بھی کلینک آن ویلز کے ذریعے انجام دیے گئے ہیں۔ وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال کے دورہ کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں ایمرجنسی وارڈ، سرجیکل یونٹ، او پی ڈی، ڈینٹل کلینک اور الٹراساؤنڈ روم شامل ہیں۔

انہوں نے الٹراساؤنڈ مشین کو مکمل ورکنگ حالت میں پایا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت بھی کی۔اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور مریضوں کے لواحقین سے دستیاب طبی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال میں فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔