لاہور۔17جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں وڈیولنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں انرجی اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔ انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے سی ای اوز اور حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چین کے سرمایہ کار گروپ نے الیکٹرک وہیکلز ،ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔
پنجاب کو سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ،اب یہاں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے۔سازگار ماحول کے باعث چین اور دیگر غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ حکومت کا فوکس ہے۔سولر پینلز اور لیتھیئم بیٹریوں کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ کے حوالے سے چین کی کمپنیوں سے معاہدے ہوچکے ہیں۔چین کا گروپ سولر انرجی ، سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔پنجاب حکومت صنعتی یونٹس لگانے کے لئے ہرممکن سہولت اور زمین فراہم کرے گی۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔
انڈسٹریل اسٹیٹس کی سولر انرجی پر منتقلی سے انڈسٹری کو بجلی سستی ملے گی۔اراکین وفد نے کہاکہ ہمارا گروپ پنجاب میں انرجی ،ای چار جنگ اسٹیشنز اور ہائیڈل پاور میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔