لاہور۔17جنوری (اے پی پی):پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 58ویں اجلاس میں مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 14 ارب 70کروڑ 7لاکھ 23ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں رائیونڈ شہر لاہور میں جامع سیوریج ڈرینج سکیم کی بحالی (فیز I) کیلئے 1 ارب 81کروڑ 40لاکھ روپے
رائیونڈ شہر لاہور میں جامع واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے 1 ارب 38کروڑ 80لاکھ روپے، سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ترمیمی) کیلئے 8 ارب 54کروڑ 60لاکھ 19 ہزار روپے، سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے خصوصی طبی سامان کیلئے 3 ارب 6کروڑ 73لاکھ 7 ہزار روپے اور لیاقت پور و رحیم یار خان کی تحصیلوں میں عباسیہ ڈرینج سسٹم کی ری ماڈلنگ کے سلسلہ میں فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 4کروڑ 59لاکھ 24 ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکموں کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ممبران نے شرکت کی۔