کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب پانیزئی کی ہدایت پر صوبائی ہیلتھ مانیٹرنگ ٹیم نے ضلع اْستا محمد کے مختلف صحت کے مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔مانیٹرنگ ٹیم کی قیادت ڈاکٹر افضل زرکون، ڈائریکٹر ایس بی ٹی پروگرام کوئٹہ و رکن ہیلتھ فسیلٹی مانیٹرنگ انیشی ایٹو نے کی۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، ڈی ایس ایم عثمان جمالی، ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر عبدالجبار سومرو ایم ایس ڈی ایچ کیو، ڈی ٹی او، اے ڈی ایچ او، اور ایم این ای پی پی ایچ آئی بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ٹیم نے ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی گنداخہ، بی ایچ یو باغ ٹیل، اور بی ایچ یو چوکی جمالی کا معائنہ کیا۔
ٹیم نے عملے کی حاضری، او پی ڈیز، ایمرجنسی سروسز، ای پی آئی رجسٹرز و اہداف، ٹیلی ہیلتھ سینٹر لاگز، ڈائیلاسز یونٹ، لیبارٹری، جین ایکسپرٹ، ڈیجیٹل ایکسرے، لیبر روم سہولیات، ضروری ادویات کی دستیابی، طبی آلات، ملیریا رجسٹرز، اور دیگر پرائمری و ٹرشری ہیلتھ کیئر سروسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔مانیٹرنگ ٹیم نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اْستا محمد ارشد حسین جمالی سے بھی ملاقات کی اور ضلعی سطح پر صحت کی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔دورے کے بعد ٹیم نے صحت مراکز میں فراہم کردہ سہولیات اور آپریشنل معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔