اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال 24-2023 کےلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں صوبوں اورخصوصی علاقوں میں جاری اورنئے منصوبوں کےلئے167ارب 90کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو جاری سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے مطابق صوبہ پنجاب میں 16جاری اور2 نئے منصوبوں کےلئے 9ارب 11کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں، صوبہ سندھ میں 3 جاری اور8 نئے منصوبوں کےلئے 21ارب 10کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں،
خیبرپختونخوا میں 8 جاری اور ایک نئے منصوبے کےلئے 3ارب 68کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد، بلوچستان میں 25 جاری اور7نئے منصوبوں کےلئے 50ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع کے دو منصوبوں کےلئے 57 ارب روپے مختص کئے گئےہیں ، آزاد کشمیر میں ایک نئے اور8جاری منصوبوں و بلاک ایلوکیشن کی مد میں 32ارب 35کروڑ جبکہ گلگت بلتستان کےلئے 28ارب 45کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، گلگت بلتستان میں ریجنل گرڈ کے قیام کےلئے ایک ارب روپے ، بین الصوبائی رابطہ اقتصادی راہداری کےلئے 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،
ہنزہ میں گریٹر واٹر سپلائی کےلئے 20کروڑ روپے اورچلاس میں زچہ وبچہ ہسپتال کےلئے 50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ آزاد کشمیرمیں رٹھوعہ ہریام پل کےلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، پنجاب میں للہ انٹرچینج کو دو رویہ بنانے کے منصوبے کےلئے ایک ارب 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، سیالکوٹ کینٹ سے جیسرگیریژن تک 69کلومیٹرسڑک کی کشادگی اور بہتری کےلئے 2 ارب 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، سیالکوٹ ایمن آباد روڈ سے کامونکی موٹروے لنک تک سڑک کو دورویہ بنانے کےلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
صوبہ سندھ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کراچی کی شاہراہوں کی تعمیراوربحالی کےلئے 2 ارب 50کروڑ ، روہڑی سے گدو بیراج تک سڑک کی بہتری کےلئے 4ارب روپے، ٹنڈو الہ یار سے ٹنڈو آدم تک سڑک کو دو رویہ بنانے کےلئے 2ارب روپے ، نوابشاہ سے رانی پور تک مہران ہائی وے کے ساتھ اضافی کیرج وے کی تعمیرکےلئے 4ارب روپے ، سانگھڑ سے نیشنل ہائی وے این 5 سڑک کی بہتری کےلئے 3ارب روپے ، سندھ کوسٹل ہائی وے کی تعمیر اور توسیع کےلئے 2ارب روپے ، کراچی اربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکج کےلئے 2ارب روپے جبکہ حیدرآباداربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکج کےلئے 10ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ و چلڈرن ہسپتال پشاور کےلئے ایک ارب 50کروڑ روپے ، سوات موٹروے فیز ٹو میں اراضی کے حصول کےلئے 50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جنوبی اضلاع کے تمام ہسپتالوں کی سولرائزیشن کےلئے 50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ بلوچستان میں درگئی سبوزئی این۔ 70 سے تونسہ شریف این۔ 55 سڑک لورالائی موسیٰ خیل کےلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،
کوئٹہ شہرمیں ٹریفک کے بہائو کو کم کرنے کےلئے مختلف فلائی اوورز کی تعمیرکےلئے ایک ارب روپے ، پنجگور آوران سڑک کی تعمیرکےلئے 2 ارب 70کروڑ روپے ، لورالائی قلعہ سیف اللہ سے خانوزئی کراس تک سڑک کی بہتری اورکشادگی کےلئے ایک ارب روپے جبکہ خانی کراس سے زیارت تک سڑک کی تعمیرنو ، کشادگی و بہتری کےلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔