لاہور ۔6جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پانی کی کمی جیسے مسائل پیش آرہے ہیں‘ صوبوں میں پانی کی تقسیم کا معاملہ پارلیمنٹ میں افہام وتفہیم سے حل ہونا چاہیے، پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جس کوگلوبل وارمنگ کے شدید خطرات کا سامنا ہے، حکومت کا بلین ٹری سونامی منصوبہ مرحلہ وار جاری ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی، اپوزیشن کو فوڈ سکیورٹی‘ کورونا وبا اورپانی کی تقسیم کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے‘ خواہش ہے کہ اسمبلی کا تقدس بحال رکھیں‘حکومت و اپوزیشن کو ایک دوسرے کے نقطہ نظرکا احترام کرنا چاہیے‘اپوزیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملکی مسائل پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرے ،اسمبلی فلور پرآزادانہ فیصلے کرتاہوں شہبازشریف کو کئی بار پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔
ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز مزار اقبالؒ پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے‘جس کی وجہ سے ملکی آبی وسائل میں کمی واقع ہو رہی ہے‘ہمیں آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے شجر کاری کرنا ہوگی‘حکومت کا بلین ٹری سونامی منصوبہ مرحلہ وار جاری ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ صوبوں میں پانی کی تقسیم کا معاملہ پارلیمنٹ میں افہام وتفہیم سے حل ہونا چاہیے۔حکومت و اپوزیشن کو ایک دوسرے کے نقطہ نظرکا احترام کرنا چاہیے،
اپوزیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملکی مسائل پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرے۔ اپوزیشن کو فوڈ سکیورٹی‘ کورونا وبا‘ ملکی معیشت‘پانی کی تقسیم کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے بلکہ ملکی مسائل کے حل کے لئے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ ہوائی اڈے دینے کے حوالے سے نہ کوئی معاہدہ ہوا نہ ہی اس حوالے سے حکومت کا کوئی پلان ہے، وزیر اعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی تصور بھی نہ کرے کہ پاکستان اپنے اڈے امریکہ کو دے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں حکومت نے پہلی بار کشمیر پر تین قراردادیں متفقہ طورپر منظور کیں‘ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی اور قومی اسمبلی سے متفقہ قرارداد منظور کی۔
اسد قیصر نے کہاکہ اسمبلی فلور پر میں ہمیشہ آزادانہ فیصلے کرتاہوں کئی بارشہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے،خواہش ہے کہ پارلیمنٹ کا تقدس بحال رہے۔ پارلیمنٹ میں جو غلط زبان استعمال کرتا ہے اس کو حذف کرا دیتاہوں۔انہوں نے کہاکہ لاہور ایک تاریخی شہر ہے،حکومتی معاملات میں مصروفیات کے باعث کافی دیر بعد لاہور کے عوام سے ملنے کا موقع ملا۔ لاہوریے بہت مہمان نواز ہیں یہاں کے کھانوں میں پائے اورلسی بہت پسند آئی۔