صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات کا اہم جزو ہے، بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کا ازالہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے،چئیرمین سینیٹ

61

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات کا اہم جزو ہے، بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کا ازالہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے،گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا مرکز بنے گا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر میر جان محمد خان جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں سینیٹرز ثنا جمالی ، منظور احمد کاکڑ، کامران مرتضیٰ اور نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بلوچستان کی سیاسی اور مجموعی معاشی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات کا اہم جزو ہے۔ بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کا ازالہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرزکو بلوچستان کی عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا موقع دیا جاتا ہے۔ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا مرکز بنے گا۔ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔

سپیکر بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے چئیرمین سینیٹ کی کوششوں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ وفاقی حکومت کا صوبہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی لائق تحسین ہے۔