لاہور۔13نومبر (اے پی پی):پنجاب کے سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں گز شتہ 24 گھنٹوں کے دوران139 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ پیر کو جاری رپورٹ میں انہوں نے بتایا کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 11ہزار سات سو 26 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 5151کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ علی جان خان نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ روز 69 نئے مریض سامنے آئے۔رواں سال روالپنڈی میں ڈینگی کے کل2494 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ روز14 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
اسی طرح رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 1150 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ ملتان میں گزشتہ روز 9 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گوجرانوالہ میں ڈینگی کے کل 1130 مریض رپورٹ ہوئے اور گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 23 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ فیصل آباد میں رواں سال ڈینگی کے کل 605 مریض رپورٹ ہوئے اور فیصل آباد میں گزشتہ روز 15 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ گزشتہ روز نارووال میں ڈینگی کے دو نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیخوپورہ، اوکاڑہ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ڈیرہ غازی خان، ننکانہ صاحب اور میانوالی میں ڈینگی کاایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
علی جان خان نے کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 119 مریض زیر علاج ہیں۔ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 6 مریض زیر علاج ہیں ۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔