لاہور۔15جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں30 ہزار بچوں کو سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں،عوام کا پیسہ عوام پر ہی لگنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں” ہونہار سکالر شپ پروگرام” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعلی نے کہا کہ” ہونہارسکالر شپ ”پاکستان کی تاریخ کا پہلا سب سے بڑا سکالر شپ پروگرام اور30 ہزار بچوں کو سکالرشپ دیا جا رہا ہے، ایک بھی سکالرشپ سفارش پر نہیں دیا اور 100 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بلاتفریق سب بچوں کو سکالر شپ مل رہے ہیں، عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے ، عوام پر ہی لگنا چاہیے،اللہ تعالی اور عوام کے سامنے سرخرو ہوں کوئی سکالر شپ سفارش پر نہیں دیا گیا،یہ سکالرشپ بہت جلد سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے بچوں کو بھی ملے گا،آپ لوگوں کے پاس آکر جب میں نے یہ سکالرشپ دیا اور جو پیار آپ سے مجھے ملا میرے لیے یہ فخر کی بات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلی ایک بھی تقرری سفارش پر نہیں کی، میرے اوپر پورے صوبے کی ذمہ داری ہے ،مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب آپ مجھے ماں کہہ کر پکارتے ہو ،انہوں نے کہا کہ ہونہار بیٹے اور بیٹیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوں،آج یہاں تمام ٹاپر لڑکیاں ہیں جو کسی میدان میں پیچھے نہیں،یہ تمام بیٹیاں ہمارا فخر ہیں،گارڈ آف آنر طلبہ کی قابلیت اور محنت کا اعتراف ہے، بچوں کو گارڈ آف آنر ملنے پر بے حد جذباتی ہوجاتی ہوں،وزیر تعلیم رانا سکندر اور انکی پوری ٹیم کو دل کی گہرائی سے شاباش دیتی ہوں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود محنت جاری رکھنے والے طلبہ کوسلام پیش کرتی ہوں،بچوں کو پڑھانے والے والدین کی معاشی مشکلات کا اندازہ ہے،سکالر شپ ملنے پر شکریہ ادا نہ کریں، یہ آپ کا حق اور محنت کا ثمر ہے۔