راولپنڈی۔13جنوری (اے پی پی):صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے میر علی اور کلاچی میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران چار دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ایچ وی ٹی کے دہشت گرد کمانڈر تبسم عرف قادرمان اوردہشت گرد ساجد عرف سرکندی کو جہنم واصل کر دیا۔ ایک اور کارروائی میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں مزید دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمہ کے لئے کلیئرنس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔