اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی جذبہ دکھانا ہوگا ،متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے پوری قوم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے۔
جمعرات کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہوگی ،وفاقی حکومت، صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے ۔تیز بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریلیف کے کاموں میں مشکلات آ رہی ہیں ۔عوام کی مدد سے متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو تیز بنایا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔اندرون و بیرون ملک پاکستانی عطیات اکاؤنٹ (Prime Minister Relief Fund Account 2022 Account No. ‘G-12164) میں جمع کرا سکتے ہیں۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مصیبت میں گھرے اہل وطن ہماری مدد کے منتظر ہیں،
آئیں ہم سب بنیں سہارا،بیرون ملک پاکستانی وائر ٹرانسفر، منی سروس بیوروز، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاؤسز کے ذریعے بھی عطیات بھجوا سکتے ہیں۔عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں