کراچی۔ 08 فروری (اے پی پی):عام انتخابات 2024کے لئے صوبہ سندھ میں 61قومی اسمبلی اور 130صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے پولنگ جاری ہے ، اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 61جنرل نشستوں کے لئے ٹوٹل 1130 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہیں جن میں 1048 مرد امیدوار اور 82خواتین اور صوبائی اسمبلی کی 130جنرل نشستوں کے لئے 2795امیدواران انتخابات میں مقابلہ کر رہے ہیں،
جن میں 2644 مرد امیدواران اور 151خواتین امیدواران شامل ہیں، اس ضمن میں صوبہ سندھ میں ٹوٹل 19906پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں 4443 مرد، 4313 خواتین اور 10250 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں، جن میں سے 6524 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس 6545 کو حساس اور 5937 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ صوبہ سندھ میں ٹوٹل 2 کروڑ 69 لاکھ 94769ووٹرز ہیں جس میں مرد و خواتین کی تعداد بالترتیب 14612655 اور 12382114 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے پرامن ماحول میں جاری ہے جوکہ شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، پولیس اور انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کہ پر امن انعقاد کے لئے تمام تر وسائل کو بروے کار لایا جائے اور آج کے دن کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے عوام الناس سے التماس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بلا خوف وخطر پولنگ اسٹیشنز پہنچ کر اپنا ووٹ کاسٹ کرکے قومی فریضہ ادا کریں۔