ایبٹ آباد ۔ 03 ستمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات نشریات و سیاحت خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن امان کا قیام نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے،
دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے کاؤنٹر ٹیررازم فورس (سی ٹی ڈی ) کی استعداد کار کو دوگنا کیا ہے، پرعزم ہیں دہشتگردی پر جلد قابو پالیں گے، خیبر پختونخواجیسی قدرتی خوبصورتی دنیا میں کہیں نہیں ہے، صوبہ میں سیاحت کے فروغ کا تہیہ کیا ہے، سیاحت کے لیے غیر قانونی تعمیرات روک کر جنگلات کا تحفظ کیا جائے گا، نتھیا گلی ،ٹھنڈیانی ،ناران کاغان سمیت صوبہ بھر کے سیاحتی علاقوں میں سرکاری گیسٹ ہاؤس ،ہوٹل ،پلاٹوں اور اراضی کو من پسند افراد میں الاٹ کئے جانے پر انکوائری آخری مراحل میں داخل ہے،
سیاح خیبر پختونخوا آئیں، ان کے ساتھ بہترین مہمان نوازی سے پیش آئیں گے، خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دینی ہے، نگران حکومت اس کے لئے مکمل تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد کے پرفضا سیاحتی مقام نتھیاگلی میں بصارت سے محروم خصوصی بچوں کے لئےمنعقدہ پانچ روزہ مطالعاتی دورہ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب میں ڈائریکٹر ٹیکنکل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذاہد کاظمی،گورنمنٹ سکول برائے نابینا پشاور کے پرنسپل محمد عارف ، بلائنڈ گرلز سکول کے پرنسپل سردار ایاز نے خطاب کیا ۔اس موقع پر بصارت سے محروم پشاور اور ایبٹ آباد کے طلبا وطالبات بھی موجود تھے،صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کے لئے ہر سال ایسی صحت مندانہ تقریب کا انعقاد کروایا جائے گا جس میں قومی اور بین الاقوامی خصوصی بچوں کو شامل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی پرفضا مقام کی خوبصورتی کو دل کی آنکھوں سے دیکھنے کی ضرورت ہے،
سرسبز پہاڑی علاقے کے لوگ مہمان نواز ہیں، محکمانہ طور پر اس میں غفلت نہیں ہونی چاہیے، سیاحوں کو بہترین انداز میں خوش آمدید کہہ کر خوشی سے رخصت کریں، انہوں نے سیاحوں پر بھی زور دیا کہ وہ مقامی ثقافت کے مطابق اپنی چھٹیوں کو گزاریں اور صحت افزا مقامات پر گندگی پھیلانے سے گریز کریں،تقریب کے اختتام پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر سید فیروز شاہ اور پرنسپل گورنمنٹ سکول برائے نابینا محمد عارف کو خصوصی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کے ہمراہ نتھیا گلی کے خوبصورت مقام کی سیر بھی کی۔