ملتان۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):صوبہ پنجاب میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے12 ارب روپے کی خطیررقم سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق امسال اس منصوبہ کے تحت پنجاب کے نہری اور بارانی علاقوں میں نمائشی پلاٹ کی کاشت کے لئے محکمہ زراعت نے کاشتکارو ں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔اس ضمن میں نہری علاقوں کے ایسے مرد و خواتین کاشتکار جو5سے12.5ایکڑ تک اور بارانی علاقوں میں 5 سے25ایکڑ تک قابلِ کاشت کے مالک ہوں درخواست دینے کا اہل ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات20ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔
قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق پلاٹ کاشت کرنے کے پابند ہوں گے۔ نمائشی پلاٹ کے لئے شرائط درخواست فارم پردر ج ہیں۔خواہشمند کاشتکاردرخواست فارم متعلقہ زراعت آفیسر(توسیع) اوراسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت (توسیع) کے دفاترسے مفت حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov. pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل ِ قبول ہوگی۔
مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں 20اکتوبر2023تک وصول کی جائیں گی اور قرعہ اندازی متعلقہ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفترمیں 27 اکتوبر2023 کو ہوگی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ میں گندم کی اوسط پیداوار میں 10 من فی ایکڑ تک کا اضافہ متوقع ہے۔