صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 21 دسمبر سے لائسنسنگ آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا، ترجمان پولیس

118

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک لائسنسنگ آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس سے مہم کا آغاز کر دیا ہے، مہم کے تحت شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کے باہر زیبرا کراسنگ کے استعمال کو یقینی بنایا جارہا ہے۔اس حوالے سے ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے شہری اپنی اور دوسروں کی جان بچا سکتے ہیں، ٹریفک آگاہی مہم پر عملدرآمد سے شہری روڈ ایکسیڈنٹ سے محفوظ رہ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ٹریفک سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدامات اور تعلیمی اداروں میں ٹریفک ایجوکیشن ونگز کی جانب سے سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں گذشتہ سال کے مقابلے میں213 فیصد زیادہ ڈرائیونگ لائسنس بنائے گئے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس نے روڈ سیفٹی اور سموگ تدارک میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا کہ لائسنسنگ سروسز کا آن لائن حصول صوبہ بھر میں جاری اور اب تک صرف لاہور میں 232000 لائسنس بنائے گئے ہیں

ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم اور زیروٹالرنس پالیسی کے باعث لاہور میں ایکسیڈنٹ میں28 فیصد کمی واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی سڑک پر چلنے یا سفر کرنے والے ہر شہری کے لیے ضروری ہے۔