26.5 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںصوبہ ہزارہ سمیت دیگر چھوٹے صوبے بننے چاہیئں، قومی سطح پر رابطوں...

صوبہ ہزارہ سمیت دیگر چھوٹے صوبے بننے چاہیئں، قومی سطح پر رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین و وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا پریس کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین و وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ سمیت دیگر چھوٹے صوبے بننے چاہیئں، قومی سطح پر رابطوں کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صوبہ ہزارہ تحریک کی سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہزارہ کی تمام جماعتوں کے نمائندگان سینیٹر محمد طلحہ محمود، مرتضی جاوید عباسی، کیپٹن (ر) محمد صفدر، عبدالرزاق عباسی، پروفیسر سجاد قمر، زر گل خاں، انجنیئر افتخار احمد، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون،سردار گوہر زمان، نواب زادہ ولی محمد، پرنس فضل حق، ممبران صوبائی اسمبلی آمنہ سردار، سید جنید قاسم، سردار مشتاق احمد، سیدہ سونیا شاہ، نائلہ شہزاد، نرگس بی بی، سابق وزیر اعجاز درانی، قاضی اسد، سید حامد شاہ، سردار شاہ خان، سردار سید علام، قاری مجبوب الرحمن، سردار قاسم، سردار لیاقت کسانہ، قاضی محمد صادق ، طاہر تنولی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ پر بات کرنے کے لیے قومی سطح پر تمام جماعتوں کے سربراہان،پارلیمانی لیڈروں، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور پھر وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ ہم اپنی جماعت کے سربراہ محمد نوازشریف اور تمام قیادت سے ملاقات کر کے اپنا موقف بیان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہو ئی آبادی کے پیش نظر مزید صوبے بنانا وقت کی ضرورت ہیں، اس پر فوری طور پر کمیشن بنا کر کام کو آگے بڑھایا جائے۔اس موقع پر سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ہزارہ صوبہ تمام اقوام اور جماعتوں کا متفقہ اور مشترکہ مطالبہ ہے اور ہزارہ صوبے کے لیے تمام شرائط پوری ہیں، فوری طور پر اس پر اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے، ہم ایوان کے اندر اور باہر ہر سطح پر جدوجہد کریں گے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ہزارہ ملک کا زرخیز ترین خطہ اور قدرتی دولت سے مالا مال ہے، ہزارہ صوبہ اپنے اخراجات خود پورے کرے گا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی بن چکی ہے اور انشاءاللہ صوبہ ہزارہ بھی بنے گا۔مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ سردار محمد یوسف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سینیٹر طلحہ محمود، مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر) محمد صفدر، تمام ضلعی کوآرڈینیٹرز جو ساری سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی قومی سطح پر ملاقاتیں کر کے اتفاق رائے پیدا کرے گی اور اس کے بعد ہزارہ صوبہ کا بل دوبارہ ایوانوں میں لایا جائے گا۔ زرگل خان، نواب زادہ ولی محمد، پرنس فضل حق، قاضی اسد، اعجاز علی خان درانی، ممبران اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون، سونیا شاہ، نائلہ شہزاد، نرگس بی بی نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں