صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم،198 ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا، ترجمان بلوچستان پولیس

صوبے بھر میں اشتہاریوں ،مفرور ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں 198 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر نے کے علاوہ 12 اغواء شدہ افراد بازیاب کرا لئے گئے ہیں

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):صوبے بھر میں اشتہاریوں ،مفرور ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں 198 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر نے کے علاوہ 12 اغواء شدہ افراد بازیاب کرا لئے گئے ہیں۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہرکی ہدایات پر کوئٹہ سمیت صوبے کی ساتوں رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس رکھنے اور قانون پسند شہری کے تحفظ کو یقینی بنانیکے لئے خصوصی مہم جاری ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 186 ریوالور و پسٹل، 12 کلاشنکوف، 12 شارٹ گن، 1011گولیاں اور کارتوس جبکہ 143 میگزین بھی برآمد کیے گئے۔بلوچستان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 117 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 364.900 کلوگرام چرس، 6.375 کلوگرام آئس، 10.200 کلوگرام افیون، 10 کلوگرام کرسٹل، 157 شراب کی بوتلیں اور 40 بیئر کین برآمد کیں۔پریس ریلیز کے مطابق مہم کے دوران 49 اشتہاری، 359 مفرور اور مختلف جرائم میں ملوث 730 ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ 12 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق 7 مسروقہ گاڑیاں، 23 موٹر سائیکلیں اور 8 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔پولیس نے مختلف وارداتوں کے دوران چوری کی گئی 6 لاکھ 91 ہزار 200 روپے کی رقم بھی برآمد کر لی۔پریس ریلیز کے مطابق دفعہ 550اور دفعہ 114کے دوران 34گاڑیوں اور موٹرسائیکلیں کو ضبط کر لیا گیاجبکہ2736 گاڑیوں سے کالے شیشے اْتارے گئے اور 75لیٹر پیٹرول اور 10 لیٹر ڈیزل برآمد کیں۔ ترجمان کے مطابق عوام اور پولیس کے مابین تعاون کی فروغ کے لئے پولیس اہلکار کا عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام پر مبنی رویہ اپنانے جبکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل کوترجیحی بنیائدوں پر حل کرنے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے و شفاف سطح پرکارروائی کی بھی ہدایات کی گئی ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے جرائم کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے کے لیے دیگر صوبوں کی پولیس سے مدد اور گرفتار ملزمان کا ڈیٹا کاتبادلہ بھی کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

پولیس عوام کے تحفظ لئے دی گئی اپنی اہم ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اس حوالے شہریوں سے بھی اپیل گئی ہے کہ امن کو قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کو مزید کامیاب بنانے میں پولیس فورس کے ساتھ تعاون میں رہیں جبکہ شہر محلے اور علاقے کی سطح پر امن دشمن عناصر کی سرکوبی میں مدد کے لیے تھانوں کے باہر آویزاں شکایات کے لئے فون نمبر اور پولیس 15 کنٹرول کو منفی عناصرکی معلومات کے حوالے سے آگاہ کریں۔