سیالکوٹ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آپریشن، 3 فوڈ پوائنٹس کے پروڈکشن یونٹس بند، ایک کو 3 لاکھ روپے جرمانہ

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی اسد اللہ کی سربراہی میں سیالکوٹ کے علاقوں گوہدپور، امام صاحب اور ڈسکہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں خصوصی آپریشن کیا گیا

سیالکوٹ۔17جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی اسد اللہ کی سربراہی میں سیالکوٹ کے علاقوں گوہدپور، امام صاحب اور ڈسکہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں خصوصی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 3 معروف فوڈ پوائنٹس کے پروڈکشن یونٹس بند جبکہ ایک فوڈ پوائنٹ کو 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں ناقص، غیر معیاری اور ایکسپائر اجزاء برآمد ہوئے جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین اور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر ایک معروف فوڈ پوائنٹ کا سٹور اور بیکری سیکشن بھی بند کر دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ نے کارروائی کے دوران کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور خوراک میں جعلسازی یا ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جعلساز مافیا کی سرکوبی اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک ہیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں