صوبے بھر میں محرم الحرام کے آغاز پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے،آئی جی پنجاب

لاہور سمیت پنجاب بھر میں محرم الحرام کے آغاز پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

لاہور۔17جون (اے پی پی):لاہور سمیت پنجاب بھر میں محرم الحرام کے آغاز پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طے شدہ روٹس اور مقررہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔

جی پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، کمیونٹی لیڈرز اور علما کرام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے تاکہ عشرہ محرم الحرام پر امن ماحول میں گزر سکے۔ترجمان کے مطابق یکم محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

لاہور میں3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں یکم محرم الحرام کو 96 عزاداری جلوس اور3 ہزار448 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جبکہ لاہور میں 10 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور411 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات کو موثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں15 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے ساتھ معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

مزید خبریں