صوبے میں 27 ماہ کے دوران 206 ارب روپے سے زائد کی ریکوریاں ہوئیں، قومی وسائل لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،مومنہ وحید

59

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ صوبے میں اینٹی کرپشن کی مہم کے دوران صرف 27 ماہ میں مجموعی طور پر 206 ارب روپے سے زائد کی ریکوریاں ہوئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے، قومی وسائل لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ہم نے اینٹی کرپشن ادارے کو ریفارم کیا ہے اور اس کی مثال گذشتہ 70 برس میں نظر نہیں آتی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اندر 2 برس کے دوران اینٹی کرپشن مہم کے دور رس ثمرات واضح نظر آ رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے اس بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا ہے جس نے گزشتہ 30 برس کے دوران عوام کے وسائل چھینے اور عوام کو بنیادی ضرورتوں سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہے اور بڑے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناقدین جو کہتے تھے تبدیلی نہیں آئی، میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ پنجاب بدل رہا ہے اور بدل کر رہے گا،2 برس کے دوران اینٹی کرپشن کو 51050 شکایات موصول ہوئیں، 11488 انکوائریز شروع کی گئیں اور 3185 کیس درج کئے گئے جبکہ 3904 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے27 ماہ کے دور میں ملزمان سے ریکوری کی صورتحال بھی گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں 532 فیصد زائد رہی۔ گذشتہ 10 برس کے دوران محض43 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی جبکہ 27 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوریاں ہوئیں اور یہ تمام رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح 27 ماہ کے عرصے کے دوران سرکاری اراضی واگزار کرانے کی شرح گذشتہ 10 سال کے مقابلے میں 6172 فیصد زائد رہی۔گذشتہ 10 برس کے دوران صرف 2.6 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ ہمارے 27 ماہ کے مختصر دور میں 181 ارب روپے سے زیادہ مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔