ابو ظہبی ۔11فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے صومالیہ میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ صومالیہ میں حملے کے دوران اس کے تین اہلکار اور ایک بحرینی افسر شہید ہو گئے۔پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای حکومت کی وزارت دفاع کی جانب سے تصدیق کے بعد اپنےتعزیتی پیغام میں کہا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ میں اور میرے ہم وطن سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات کی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کا شکار ہونے کے ناطے تمام شکلوں اور مظاہر میں دہشت گردی کے خلاف ہے۔