لاہور۔3فروری (اے پی پی):پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس اور جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق پی پی 269 مظفر گڑھ میں امیدوار میاں احمد قریشی اور سید علی عباسی بخاری کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے گئے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی طرف سے انتخابی مہم میں سرکاری املاک کے استعمال پر وضاحت پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
اسی طرح این اے 187اور 188راجن پور میں امیدواروں عاطف علی دریشک اور احمد علی دریشک پر10، 10 ہزار روپے جرمانہ عائدکیا گیا،امیدواران نے مخالف پارٹی کے پوسٹر وجھنڈے مسخ کئے اور خلاف ضابطہ تنقید کی تھی۔ ترجمان کے مطابق جرمانہ 6فروری تک ادا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ امیدوار پی پی 161بہاولنگر علم داد لالیکا نے20 ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بہاولنگر نے اوور سائیز پینا فلکسز آویزاں کرنے پر جر مانہ عائد کیاتھا۔