ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت توسیع بھکر کے زیر سرپرستی کسان کنونشن کا ضلع کونسل ہال میں انعقاد

129

بھکر۔ 06 نومبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت توسیع بھکر کے زیر سرپرستی نمبردار/کسان کنونشن کا ضلع کونسل ہال بھکر میں انعقاد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بطور مہمان خصوصی کنونشن میں شرکت کی۔ کنونشن میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر امیر حسین،محکمہ زراعت کے دیگر آفیسران اور کثیر تعداد میں نمبرداران اور کسانوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کیمطابق کسانوں کی معاشی خوشحالی یقینی بنائیں گے شعبہ زراعت میں گندم کی فصل نہایت اہمیت کی حامل ہے

ضلع کے کاشتکار بھائی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کریں اس ضمن میں حکومت پنجاب نے کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے مختلف کسان پیکج متعارف کروائے ہیں ان میں کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر اور بارہ ایکڑ سے پچیس ایکڑ تک گندم کاشت کرنیوالے کسان بھائیوں کو بذریعہ قرعہ اندازی مفت لیزر لینڈ لیولر اور 25 ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کاشت کرنیوالوں کو بذریعہ قرعہ اندازی مفت ٹریکٹر فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کنونشن میں موجود نمبرداروں اور کسانوں سے کہا کہ وہ دیگر کاشتکاروں تک یہ پیغام عام کریں کہ وہ زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کریں اور حکومت پنجاب کے کسانوں کی معاشی خوشحالی کیلئے متعارف کرائے گئے کسان پیکج کی افادیت بارے آگاہی فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان حکومتی فراہم کردہ ریلیف سے مستفید ہوں